پاکستان کی امریکا میں سابق سفیر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ اگر امریکا چاہے تو اسرائیل کو حملے روکنے پر مجبور کر سکتا ہے، لیکن اس وقت امریکی حمایت ہی اسرائیل کو جارحانہ اقدامات جاری رکھنے کا حوصلہ دے رہی ہے۔
امریکا کا مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا فوجی اڈا قطر میں موجود ہے، اس لیے یہ ممکن نہیں کہ قطر میں ہونے والی اسرائیلی کارروائیوں سے امریکی فوجی اڈا لاعلم ہو۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ قطر میں اسرائیلی حملے کی دنیا بھر میں مذمت ہو رہی ہے، لیکن اسرائیل ان حملوں کے باعث عالمی سطح پر تنہا ہونے کے بجائے امریکی سرپرستی پر انحصار کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیل اب تک سات ریاستوں پر حملے کر چکا ہے لیکن عالمی برادری کی جانب سے صرف مذمتی بیانات کے سوا کچھ نہیں کیا گیا۔ان کے مطابق او آئی سی بھی صرف الفاظ تک محدود رہی اور عملی اقدامات سامنے نہیں آئے، جبکہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے۔ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت امن یا جنگ بندی پر توجہ دینے کے بجائے جارحانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جس سے خطے میں صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔