کراچی: سندھ بلوچستان پولٹری ہول سیل ایسوسی ایشن سائوتھ زون نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ آج جمعرات کو کراچی میں مرغی کی سپلائی نہیں ہوگی۔
صدر ایسوسی ایشن ملک ظریف اعوان کے مطابق، موسمی حالات اور راستوں کی بندش کی وجہ سے پولٹری فارم سے مرغی کی ترسیل ممکن نہیں ہے۔ پولٹری فارم زیادہ تر کچے علاقوں میں واقع ہیں، جہاں مال بردار گاڑیاں پھنس جاتی ہیں یا الٹ جاتی ہیں، اور اس دوران مزدور زخمی ہو جاتے ہیں۔ملک ظریف نے کہا کہ ایک عرصے سے وہ اس نقصان کو برداشت کر رہے ہیں، لیکن اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران گاڑیاں فارم نہیں بھیجی جائیں گی جب تک راستے مکمل طور پر محفوظ نہیں ہو جاتے۔