بانی پی ٹی آئی کے حکم پر افغانستان جائوں گا‘میرا پاسپورٹ بلاک ہے علی امین گنڈا پور

 آپ لوگ کہتے ہیں  میرے تعلقات بہت اچھے ہیں تو آپ کو پتہ  ہونا چاہیے  میرا پاسپورٹ 9 مئی کو بلاک ہوا  ‘ بطور وزیراعلیٰ بھی  بحال نہیں ہوسکا
پاسپورٹ بنوانے کیلئے  اپلائی کیا ہوا ہے‘ اس پر کوئی جواب نہیں دیا ‘ نہ پاسپورٹ بنایا گیا مگر کوئی بات نہیں، افغانستان تو بغیر پاسپورٹ  بھی جاسکتا ہوں
پشاور(آئی این پی )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے  بانی پی ٹی آئی عمران خان نے دورہ کابل کی ہدایت کی ہے لیکن پاسپورٹ بلاک ہونے کے باعث بیرون ملک نہیں جاسکتا۔ صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے  کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی افغانستان جانے کی ہدایت مجھے ملی ہے، چونکہ یہ وفاقی حکومت اور وزارت خارجہ کا اختیار ہے اس لیے ہماری ان سے بات ہوئی ہے، انہوں نے افغانستان جرگہ کے حوالے سے آمادگی کا اظہار کیا ہے،ہمارے ایک وفد نے کابل جانے کی تیاری کی ہوئی ہے، اب چونکہ عمران خان نے حکم دیا ہے تو ساتھ میں بھی جائوں گا، ہمارے جرگے کی سطح پر بھی افغانستان نے مذاکرات چل رہے ہیں لیکن ہوسکتا ہے کہ انفرادی طور پر بھی میں چلا جائو ں۔صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ا نہوںنے کہا کہ میں یہ بات بتا نہیں رہا تھا مگر اب عمران خان نے کہہ دیا ہے تو بتا دیتا ہوں کہ میرا پاسپورٹ اب تک بلاک ہے۔انہوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ جو آپ لوگ کہتے ہیں کہ میرے تعلقات بہت اچھے ہیں تو آپ کو پتہ  ہونا چاہیے کہ میرا پاسپورٹ 9 مئی کو بلاک ہوا ہے اور بطور وزیراعلیٰ بھی میرا پاسپورٹ اب تک بحال نہیں ہوسکا، میرا پاسپورٹ بند پڑا ہوا ہے اور میں نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے جو اپلائی کیا ہوا ہے اس پر کوئی جواب نہیں دیا اور نہ پاسپورٹ بنایا گیا مگر کوئی بات نہیں، افغانستان تو میں بغیر پاسپورٹ کے بھی جاسکتا ہوں۔