گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ ، متاثرہ خواتین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا، مسائل کے حل کی یقین دہانی‘ متاثرین کیلئے کھانے کا اہتمام ، خصوصی کھانے کا مینیو خودترتیب دیا
جلالپور پیروالا کیلئے مستقل حفاظتی بند بنانے اوراُچ شریف کے لئے گیلانی ایکسپریس وے پراجیکٹ کا اعلان ‘سیلاب کے دوران جاں بحق ہونیوالے افراد کے ورثاء کیلئے 10،10 لاکھ امداد
سیلاب سے مکمل تباہ گھر پر 10 لاکھ اور ایک کمرہ گرنے پر5 لاکھ امداد کا اعلان، بڑے مویشیوں کے ضیاع پر 5 لاکھ اور چھوٹے جانور کیلئے 50 ہزار امداد دی جائے گی‘ گرنے والے سب کے گھر بنا کر دینا چاہتی ہوں:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب زدگان کا دکھ بانٹنے ملتان شہر کی تحصیل جلالپور پیر والا پہنچ گئیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین میں گھل مل گئیں ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ خواتین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثر ہ بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور خود ڈش لے کربچوں میں کھانا پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ننھے بچے کے منہ میں زردے کا نوالہ ڈالا اوراسے پیار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی طور پرکھانے کا اہتمام کیا گیا۔ سیلاب متاثرین کے لئے خصوصی کھانے کا مینیو خود وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترتیب دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرہ بچوں اور خواتین میں پھل تقسیم کیے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف بزرگ خاتون کودیکھ کراٹھ گئیں اور انہیں کھانا پیش کیااور ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو امدادی رقوم کے چیک دیئے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہچکیاں لے کر رونے والی خاتون کو گلے لگایا اور تسلی دی۔ بزرگ شہری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کر خوش ہوا اور کہا کہ ’’حیاتی ہووے، ساڈی دھی آئی ایں‘‘ ۔ آپ پر دکھ آیا تو ہم روتے تھے، آج ہم تکلیف میں ہیں تو آپ ہمارے ساتھ ہیں۔فلڈ ریلیف کیمپ میں ایک خاتون نے قائدمحمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا دکھ باٹنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف برقعہ پوش بزرگ خاتون کے ساتھ بیٹھ گئیں، حال دریافت کیا اور سیلاب متاثر ہ خواتین کیساتھ دوزانو بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر،پی ڈی ایم اے کی طرف سے فوڈ پیکٹ اور دیگر امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ مریم نواز شریف نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ عوام اور علاقوں کی بحالی کے جامع فریم ورک کی تیاری کا فیصلہ کر لیا جس کے لیے 14 رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کمیٹی کی کنوینئر مقرر، نوٹیفکیشن جاری ہو گیا، کمیٹی سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی میکانزم اور بحالی کا جامع فریم ورک تیار کرے گی۔ مریم نواز شریف نے جلالپور پیروالا کے لئے مستقل حفاظتی بند بنانے کا اعلان کیا۔ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کے لئے 10،10 لاکھ امداد کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب سے منہدم ہونے والے مکمل گھر پر 10 لاکھ اور ایک کمرہ گرنے پر5 لاکھ امداد کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب کے دوران بڑے مویشیوں کا ضیاع ہونے پر 5 لاکھ اور چھوٹے جانور کے لئے 50 ہزار روپے امداد دینے کابھی ا علان کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سیلاب متاثرین سے پرجوش اور پر اثر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محمد نواز شریف کی بیٹی ہوں، اپنا ہر وعدہ پورا کروں گی۔ سیلاب سے متاثرہ ایک ایک فرد کا نقصان پورا کریں گے۔ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں دے سکتامگر جاں بحق افراد کے ورثا کے لئے جو بھی ممکن ہوا کریں گے۔ خود چل کر اپنے جلالپورپیروالا کے بہن بھائیوں کے پاس آئی ہوں۔انہوںنے کہاکہ جلالپور پیروالا میں بہت سے لوگ سیلاب میں پھنسے ہوئے ہیں سب کوریسکیو کرنا ہے۔ سیلاب میں گرنے والے سب کے گھر بنا کر دینا چاہتی ہوں۔