اسلام آباد (آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قطر پر اسرائیل کی جانب سے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ قطر کی شوری کونسل کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغانم کے نام اپنے خط میں اپنی اور قومی اسمبلی آف پاکستان کے اراکین کی جانب سے قطر پر اسرائیلی حملوں پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ حملے نہ صرف بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ ریاستی خودمختاری کے تقدس پر بھی کھلا حملہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سرحدوں کا احترام عالمی امن اور سلامتی کی بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت ایک خطرناک اشتعال انگیزی ہے جس پر عالمی برادری کی فوری اور دوٹوک مذمت ضروری ہے۔