کچے کے ڈاکوؤں نے ایک اور مغوی کو قتل کردیا، مقتول پنجاب کا رہائشی تھا

کچے کے ڈاکوؤں نے ایک اور مغوی کو قتل کردیا، مقتول پنجاب کا رہائشی تھا

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا اور قتل کا ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں گوجرانوالہ کے رہائشی محمد بشیر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا کرنے کے بعد تشدد کرکے قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق، سندھ اور پنجاب کے سرحدی علاقے گیھلپور سے بوری میں بند ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ اطلاع ملنے پر تھانہ گیھلپور پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ علاقہ پنجاب کی حدود میں آتا ہے، لیکن انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لاش کو اسپتال منتقل کیا گیا۔لاش کی تلاشی کے دوران شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس سے متوفی کی شناخت محمد بشیر ولد احمد کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ، پنجاب کا رہائشی تھا۔تحقیقات کے مطابق، محمد بشیر کو کچے کے ڈاکوؤں نے ہنی ٹریپ کے ذریعے اپنے جال میں پھنسا کر اغوا کیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مغوی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گیا۔واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں کشمور اور گردونواح میں مغویوں کی لاشیں ملنے کے واقعات میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کرنے کا عندیہ دیا ہے۔