لاہور: موٹر بائیک ریسکیو سروس نے 8 سال مکمل کر لیے،

 لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب بھر کے ضلعی افسران، موٹر بائیک ریسکیو سروس کے سٹاف اور ریسکیورز کو آٹھ سال مکمل ہونے پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے آٹھ سال میں اوسط 4 منٹ ریسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے 3.8 ملین سے زائد ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانڈ کیا۔ اس سلسلے میں ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر لاہور میں بروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سنیئر افسران اور متعدد ریسکیورز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے تنگ گلیوں اور زیادہ ٹریفک والے علاقوں میں روڈ ٹریفک حادثات اور میڈیکل ایمرجنسیز میں بروقت خدمات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر بائیک فرسٹ ریسپانڈرز کی بدولت ریسکیو1122 کی آپریشنل استعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس تربیت یافتہ میڈیکل سٹاف اور جدید آلات کے ساتھ روزانہ اوسطاً 3500 ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ریسکیو1122 اپنے جامع ایمرجنسی منیجمنٹ سسٹم کے ذریعے حادثات کے شکار لوگوں کو فوری اور محفوظ خدمات فراہم کر رہا ہے۔اب تک موٹر بائیک ریسکیو سروس نے 1,206,394 روڈ ٹریفک حادثات، 2,215,200 میڈیکل ایمرجنسیز، 39,460 آگ لگنے کے واقعات، 68,202 جرائم اور 321,946 متفرق ایمرجنسیز پر بروقت خدمات فراہم کی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کے حامل سٹاف میں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔