آسٹریلیا میں طیارہ حادثہ، 3 افراد ہلاک

آسٹریلیا میں طیارہ حادثہ، 3 افراد ہلاک

آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں واقع شیل ہاربر ایئرپورٹ پر ایک لائٹ پرائیویٹ طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے نے صبح تقریباً 10 بجے اڑان بھری تھی اور اس کی منزل باتھرسٹ (Bathurst) تھی۔اڑان کے چند لمحوں بعد ہی، طیارہ تقریباً 30 میٹر کی بلندی پر پہنچ کر اچانک بائیں جانب جھک گیا اور زمین سے ٹکرا گیا، جس کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی۔حکام کے مطابق حادثے میں تینوں سوار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک جوڑا اور ایک 73 سالہ شہری شامل ہیں۔مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ہلاک شدگان میں بلڈر اینڈریو کونرز اور ان کی اہلیہ جولیئن کونرز بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد نیو ساؤتھ ویلز پولیس اور آسٹریلین ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بیورو (ATSB) نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ابتدائی تجزیے کے مطابق طیارہ زمین سے زیادہ بلند نہیں ہوا تھا، اور حادثے کی ممکنہ وجہ تکنیکی خرابی یا کنٹرول کے مسائل ہو سکتے ہیں۔ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور ملبے کو محفوظ کیا، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے تک شیل ہاربر ایئرپورٹ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔