شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لیاقت آباد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے موبائل اسنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کو کوٹ لکھپت کے علاقے سے حراست میں لیا۔ایس پی جہانداد اکرم کے مطابق ایس ایچ او لیاقت آباد محسن شہزاد کو خصوصی ٹاسک دیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر کامیاب کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان عید کے دنوں میں مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے رہے اور متعدد شہریوں کو نشانہ بنایا۔ وہ مختلف مارکیٹس میں ریکی کرتے اور بغیر لاک کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کر لیتے تھے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں انہیں موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی جہانداد اکرم کا کہنا تھا کہ ملزمان راہگیروں سے گن پوائنٹ پر موبائل فون بھی چھین لیتے تھے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل رہا تھا۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چھینے گئے 8 موبائل فون اور چوری شدہ 5 موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔ گرفتار ملزمان میں فاروق اور جمیل شامل ہیں جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔