ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ایک کم عمر اماراتی بچے کی قرآن پاک کی تلاوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بچے کی خوبصورت آواز اور جذبے کی بھرپور تعریف کی۔
شیخ محمد بن راشد نے پلیٹ فارم ایکس (X) پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:“اللہ کے کلام میں روشنی، ہدایت اور رحمت ہے۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے حفاظت اور برکت کا ذریعہ ہے۔ اللہ ہمارے بچوں کی حفاظت فرمائے اور انہیں برکت دے۔ عبد الرحمن الحمادی نے اپنی خوبصورت آواز سے میرا دل خوش کر دیا۔”ویڈیو میں عبدالرحمن الحمادی نامی یہ بچہ سورۃ البلد کی آیات نہایت پُراثر انداز میں تلاوت کرتا دکھائی دیتا ہے۔یہ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جسے ہزاروں صارفین نے شیئر کیا۔سوشل میڈیا صارفین نے بچے کی قرآت، لہجے اور روحانی انداز کی تعریف کی، جبکہ کئی افراد نے شیخ محمد بن راشد کی جانب سے نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔