بھارتی کرکٹر رنکو سنگھ اور رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو ہونے کا امکان

بھارتی کرکٹر رنکو سنگھ اور رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو ہونے کا امکان

لکھنؤ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو لکھنؤ میں ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور شادی کے دعوت نامے بھی چھپ چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق شادی کی تقریب لکھنؤ کے رامادا ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔ دونوں خاندانوں کی جانب سے تقریب کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ مہمانوں کو دعوت نامے بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

منگنی کی تقریب میں اہم سیاسی شخصیات کی شرکت
رپورٹس کے مطابق رنکو سنگھ اور پریا سروج کی منگنی گزشتہ سال جون میں ایک شاندار تقریب کے دوران ہوئی تھی، جس میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادیو، ڈمپل یادیو اور جیا بچن سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔

رنکو سنگھ بھی شادی کی تیاریوں میں پیش پیش
بھارتی میڈیا کے مطابق رنکو سنگھ خود بھی شادی کی تیاریوں میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بہن نیہا کے ساتھ مل کر شادی کے دعوت نامے کا انتخاب کیا اور مہمانوں کو مدعو کرنے سمیت دیگر انتظامات میں بھی حصہ لیا۔شادی کی تقریب میں علی گڑھ سے تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے، جبکہ دونوں خاندانوں کی جانب سے اس خاص موقع کو یادگار بنانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

کون ہیں پریا سروج؟
پریا سروج پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ وہ بھارت کی کم عمر ترین ارکان پارلیمنٹ میں شمار ہوتی ہیں۔