ویب ڈیسک: بھارتی میڈیا کے مطابق، بھارت کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے اسٹار بلے باز رنکو سنگھ کو انڈر ورلڈ گینگ کی جانب سے جان سے مارنے اور 5 کروڑ روپے تاوان کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔
مبئی کرائم برانچ نے انکشاف کیا ہے کہ داؤد ابراہیم گینگ (ڈی کمپنی) نے فروری سے اپریل 2025 کے دوران رنکو سنگھ کی پروموشنل ٹیم کو تین بار تاوان کی دھمکی آمیز کالز کیں، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ 5 کروڑ روپے ادا کیے جائیں۔پولیس کے مطابق، اس کیس میں دو مشتبہ افراد، محمد دلشاد اور محمد نوید کو ویسٹ انڈیز سے گرفتار کیا گیا ہے، اور انہیں یکم اگست کو بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا ہے۔ یہ دونوں افراد اس سے قبل سابق ایم ایل اے بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی سے 10 کروڑ روپے تاوان مانگنے کے الزام میں بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔
تفتیش کے دوران ایک ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے رنکو سنگھ سے تاوان کے لیے رابطہ کیا تھا۔ رنکو سنگھ کا تعلق اتر پردیش کے شہر علی گڑھ سے ہے، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی کرکٹ سے شہرت حاصل کی ہے۔اب ان کی مقبولیت میں اضافہ کے ساتھ سکیورٹی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، خاص طور پر حال ہی میں ان کی منگنی ایم پی کی وزیراعلیٰ پریا سروج سے ہوئی ہے۔یہ واقعہ بھارتی کرکٹ اور انڈر ورلڈ کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور سکیورٹی خدشات کی جانب اشارہ کرتا ہے۔