اسلام آباد: وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی پاکستان سمیت دنیا بھر میں معاشرتی زندگی کے ہر شعبے کو تبدیل کر رہی ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے اس تبدیلی کی رفتار مزید تیز کردی ہے۔
دنیا اور معاشرے میں تبدیلی کو روکنا ممکن نہیں، اصل سوال یہ ہے کہ اس تبدیلی کی قیادت کون کرے گا۔اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ آج ہر کلک اور ہر اسکرول کے ذریعے ہماری سوچ اور حقیقت تشکیل دی جا رہی ہے۔ پاکستان کی دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ایسے میں ملک کی سماجی شناخت بھی اہم چیلنج سے دوچار ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے عالمی پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو مخصوص زاویہ نظر سے معلومات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ بچوں اور نوجوانوں کے معلومات حاصل کرنے کے ذرائع اب تعلیمی اداروں اور والدین تک محدود نہیں رہے۔
ڈیجیٹل دور میں قومی شناخت کو نئے چیلنجز درپیش ہیں
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ماضی میں معاشروں پر اثر و رسوخ قائم کرنے کے لیے نصاب اور تعلیمی نظام تبدیل کیے جاتے تھے، لیکن آج کسی معاشرے کی سوچ اور شناخت بدلنے کے لیے اس پر جسمانی قبضے کی ضرورت نہیں رہی۔شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان کی زبان، مذہب، ثقافت، جڑوں اور سماجی شناخت کو نئے ڈیجیٹل چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ملک ٹیکنالوجی کے میدان میں ہونے والی تبدیلیوں کو صرف قبول نہ کرے بلکہ ان کی سمت متعین کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے۔
مصنوعی ذہانت 2033 تک 4.8 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جائے گی
شزا فاطمہ نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت 2033 تک 4.8 ٹریلین ڈالر کی عالمی معیشت بن جائے گی اور دنیا بھر میں روزگار کے قریباً 40 فیصد شعبوں کو متاثر کرے گی۔ان کے مطابق دنیا کے 118 ممالک میں سے بیشتر مصنوعی ذہانت کی عالمی گورننس سے متعلق بڑے اقدامات کا حصہ نہیں، جبکہ عالمی سطح پر پالیسی سازی پر صرف سات ترقی یافتہ ممالک کا کنٹرول ہے۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ملازمتیں ختم کرنے کے بجائے ان کی نوعیت تبدیل کرے گی۔ اے آئی استعمال کرنے والا فرد یکساں مہارت رکھنے والے دوسرے شخص کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کرسکتا ہے۔ مستقبل میں روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے نئی ڈیجیٹل مہارتیں سیکھنا ناگزیر ہوچکا ہے۔
پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار میں 60 فیصد اضافہ
وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں ہونے والی پیشرفت سے متعلق بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ اڑھائی سال کے دوران انٹرنیٹ کی رفتار میں 60 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ انٹرنیٹ ڈیٹا کے استعمال میں 2 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی مجموعی لائیو صلاحیت تقریباً 7 ٹیرا بائٹس ہے اور دو نئی انٹرنیٹ کیبلز بھی نظام میں شامل کی گئی ہیں۔شزا فاطمہ نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی اسپیکٹرم نیلامی کے دوران 480 میگاہرٹز اسپیکٹرم نیلام کیا گیا، جس کے بعد اسپیکٹرم کی دستیابی 274 میگاہرٹز سے بڑھ کر 750 میگاہرٹز سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان میں فائیو جی کے 18 لاکھ صارفین
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فائیو جی سروس متعارف کرا دی گئی ہے اور قریباً 18 لاکھ صارفین اس کی سبسکرپشن حاصل کرچکے ہیں۔ ملک میں فائبر آپٹک نیٹ ورک کی توسیع پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ فائبر آپٹک کی رسائی تین ملین سے بڑھ کر چھ ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔وزیر مملکت کے مطابق پاکستان نے گزشتہ دو سال کے دوران ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی ذاتی طور پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن پر توجہ دے رہے ہیں۔