پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے، حافظ نعیم

پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا، 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ کریں گے، حافظ نعیم

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا اور جماعت اس جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئی۔

 انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام پر عائد پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ احتجاج اور حکومت کے ساتھ مذاکرات بیک وقت جاری رہیں گے۔ 22 نومبر کو کوئٹہ میں بڑا جلسہ ہوگا، جس کے بعد خیبرپختونخوا اور کراچی میں بھی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جو جدوجہد کی، اس کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ان کے بقول جماعت اسلامی کا دباؤ نہ ہوتا تو حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہ کرتی، تاہم ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت کے مطابق ڈیڑھ کروڑ افراد کو ریلیف دیا جا رہا ہے، لیکن یہ سہولت صرف 800 سی سی گاڑیوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ 1300 سی سی گاڑیوں کو بھی پٹرول پر ریلیف دیا جائے۔ اس کے علاوہ ٹریکٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔

حکومت سے مذاکرات کے 9 دور ہوچکے، لیوی ختم کرنے کی تجاویز دے دیں
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 9 ادوار ہوچکے ہیں۔ حکومت نے مذاکرات میں مؤقف اختیار کیا کہ پٹرولیم لیوی کا معاملہ آئی ایم ایف سے متعلق ہے، تاہم جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمے کے لیے واضح تجاویز پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بڑی گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس بڑھائے اور پٹرولیم لیوی کا بوجھ بھی ان گاڑیوں پر منتقل کرے۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک جانے کا عندیہ دیا تھا، لیکن جماعت اسلامی کی کوششوں سے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا۔

بڑی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھانے اور لیوی منتقل کرنے کا مطالبہ
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 1800 سی سی سے بڑی گاڑیاں رکھنے والوں میں حکمران اور بااثر طبقہ بھی شامل ہے۔ سیاسی جماعتوں میں بڑی گاڑیوں کے لشکر موجود ہیں، جبکہ بعض افراد کی آمدن کے ذرائع واضح نہیں، لیکن وہ عوام کے پیسوں سے بڑی گاڑیاں رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں پر درآمدی ٹیکس بڑھایا جائے اور پٹرولیم لیوی کا بوجھ بھی ان پر منتقل کیا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

عوام پر بوجھ ڈال کر مافیاز کو فائدہ پہنچایا گیا
امیر جماعت اسلامی نے دعویٰ کیا کہ آئل ریفائنریز کی نشاندہی بھی جماعت اسلامی نے کی اور عوام پر بوجھ ڈال کر ریفائنریز کو فائدہ پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئل ریفائنریز، چینی، گیس، آٹا اور آئی پی پیز کے شعبوں میں مافیاز کا کارٹیل موجود ہے۔