واشنگٹن: مصنوعی ذہانت کی معروف امریکی کمپنی اینویڈیا (Nvidia) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ارب پتی سربراہ جینسن ہوانگ کی نجی زندگی سے متعلق انکشافات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات اور ان کے چین کے لیے جاسوسی سے متعلق الزامات سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے دلچسپ میمز، طنزیہ تبصروں اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ لوری ہوانگ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اہلِ خانہ اور کمپنی کے ملازمین سے معافی مانگی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے اقدامات سے اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی، جس کی کوئی وضاحت یا جواز پیش نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں ایلس ہوانگ کا نام نہیں لیا۔یہ معاملہ اس وقت مزید توجہ کا مرکز بنا جب چینی کاروباری خاتون ایلس ہوانگ کے مبینہ طور پر چینی انٹیلی جنس سے روابط اور امریکی کمپنیوں سے حساس معلومات حاصل کرنے کے الزامات سامنے آئے۔ امریکی حکام کی جانب سے ان الزامات کی تحقیقات کی اطلاعات ہیں، تاہم جاسوسی سے متعلق دعوے تاحال عوامی سطح پر ثابت نہیں ہوئے۔
سوشل میڈیا پر میمز اور طنزیہ تبصروں کی بھرمار
اس غیر معمولی تنازع نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی تبصروں کا موقع فراہم کردیا ہے۔ مختلف پلیٹ فارمز، خصوصاً ایکس پر صارفین جینسن ہوانگ، ایلس ہوانگ اور ان کی اہلیہ سے متعلق فلمی مناظر، مزاحیہ تصاویر اور طنزیہ پوسٹس شیئر کر رہے ہیں۔کچھ صارفین نے اس معاملے کو جاسوسی فلموں کی کہانی سے تشبیہ دی، جبکہ دیگر نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے جینسن ہوانگ کو معروف فلمی اور میوزک ویڈیوز کے مناظر میں دکھانے والی مزاحیہ ویڈیوز تیار کی ہیں۔ ان ویڈیوز میں کہیں انہیں فلمی کردار کے طور پر پیش کیا گیا ہے تو کہیں ان کی نجی زندگی کے تنازع کو مشہور انٹرنیٹ میمز کے انداز میں دکھایا گیا ہے۔ایک صارف نے جینسن ہوانگ کو کولڈ پلے کنسرٹ کے مشہور ’کس کیم‘ منظر سے جوڑ کر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو شیئر کی، جبکہ دیگر صارفین نے فلمی مکالموں اور گانوں کو استعمال کرتے ہوئے طنزیہ مواد تخلیق کیا۔
جاسوسی کے الزامات کی تحقیقات جاری
دوسری جانب ایلس ہوانگ کے مبینہ طور پر چین کی انٹیلی جنس سروس سے تعلقات اور اینویڈیا کی ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات تک رسائی کے الزامات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس معاملے کے ذریعے کمپنی کی حساس کاروباری معلومات یا قومی سلامتی سے متعلق راز تک رسائی حاصل کی گئی۔اینویڈیا کے بورڈ نے معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ فی الحال اس کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے ظاہر ہو کہ کمپنی کے تجارتی راز یا قومی سلامتی سے متعلق معلومات متاثر ہوئی ہیں۔ چین نے بھی جاسوسی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔