لاہور میں گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی، 13 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ڈی نوٹیفائی

لاہور میں گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی، 13 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ڈی نوٹیفائی

لاہور میں گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکامی اور ناقص کارکردگی پر ضلعی انتظامیہ نے 13 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کردیا، تاہم کارروائی کے 20 روز گزرنے کے باوجود خالی آسامیوں پر نئے مجسٹریٹس تعینات نہیں کیے جاسکے۔

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے خلاف فرائض کی ادائیگی میں غفلت اور ناقص کارکردگی پر کارروائی کی۔ اکتوبر کے دوران چار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ایک بھی انسپکشن نہیں کی، جبکہ ایک مجسٹریٹ کی کارکردگی صرف 14 انسپکشنز تک محدود رہی۔انتظامیہ کی جانب سے 13 مجسٹریٹس کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے کے بعد شہر میں پرائس کنٹرول کا نظام متاثر ہونے لگا ہے۔ کارروائی کے 20 روز گزرنے کے باوجود خالی آسامیوں پر نئی تعیناتیاں نہ ہونے کے باعث لاہور کے متعدد علاقوں میں گراں فروشی کی شکایات بڑھنے لگی ہیں۔مجسٹریٹس کی عدم تعیناتی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دکاندار مبینہ طور پر من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں کے بجائے مہنگے داموں خریدنا پڑ رہی ہیں۔ اس صورت حال نے پہلے سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

پرائس کنٹرول کے لیے نیا نظام متعارف کرانے کا فیصلہ

دوسری جانب ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے نیا نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت تھانوں کی سطح کے بجائے تحصیل کی سطح پر پرائس کنٹرول کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق اس نظام کے ذریعے قیمتوں کی نگرانی اور گراں فروشی کی روک تھام کے عمل کو مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔