بہاولپور (خصوصی رپورٹ)تحصیلدار سٹی رجسٹری فیس کرپشن کیس میں سپیشل جج اینٹی کرپشن بہاولپور محمد خالد اسحاق نے سابق تحصیلدار وسیم اکرم اور سابق نائب تحصیلدار سٹی آمنہ بتول کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالتی فیصلے کے بعد دونوں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سماعت پر عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتوں کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو 10 نومبر کو سناتے ہوئے درخواستیں خارج کر دی گئیں۔ پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹرز محمد شہزاد اور سید عمران بخاری نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے نقشہ فیس کی مد میں تقریباً 25 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع کروا کر اپنی ذمہ داری تسلیم کی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ رجسٹریوں کا سرکاری ریکارڈ مبینہ طور پر ایک نجی شخص کے گھر رکھوایا گیا تھا، جبکہ فیسوں اور ٹیکسوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے باعث سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کے الزامات ہیں۔پراسیکیوشن نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے مالی نقصان کا تعین کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اپنی رپورٹ اینٹی کرپشن حکام کو پیش کرے گی۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے دلائل اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کی عبوری ضمانتیں خارج کر دیں۔