وفاقی وزرا کو پنجاب آمد پر عارضی پروٹوکول فراہم کیا جائے گا،احکامات جاری
لاہور (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین سمیت دیگر وفاقی وزرا سے ایلیٹ فورس کا مستقل پروٹوکول واپس لے لیا گیا۔ذرائع پنجاب پولیس کے مطابق ایلیٹ فورس کے جوانوں کو پروٹوکول ڈیوٹی ختم کرکے واپس بلانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ چودھری سالک حسین کے علاوہ دیگر وفاقی وزرا سے بھی ایلیٹ فورس کا مستقل پروٹوکول واپس لیا گیا ہے، تاہم وفاقی وزرا کو پنجاب آمد کے موقع پر عارضی طور پر پروٹوکول فراہم کیا جائے گا۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز نے بھی ایلیٹ فورس کا پروٹوکول واپس لیے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔ ترجمان مسلم لیگ ق کے مطابق وفاقی وزیر سالک حسین سے ایلیٹ فورس کی سکیورٹی واپس لینے کی خبر درست ہے ، مصطفی ملک نے کہا کہ وزیر اعلیٰ صاحبہ دیکھ لیں آپ سے مثبت تنقید بھی برداشت نہیں ہو رہی ، چودھری سالک نے کرپشن کے خلاف کلمہ حق کہا ، عوام کی دعائیں ساتھ ہیں ، سکیورٹی کی واپسی سے کوئی پریشانی نہیں ۔