کئی حاجیوں کو 20ہزار روپے ملیں گے، ایک لاکھ 40 ہزار صرف تین فیصد کو واپس ملیں گے، 75ہزار روپے 23 فیصد کو ملیں گے
تین ہزار حاجیوں کو 50 ہزار روپے واپس ملیں گے‘جمعہ تک حاجیوں کے اکائونٹ میں پیسے واپس آنا شروع ہو جائیں گے:پریس کانفرنس
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیربرائے مذہبی امور چودھری سالک حسین نے گزشتہ سال حج پر گئے لوگوں کو 20 ہزار سے لے کر ایک لاکھ روپے تک واپس کرنے کا اعلان کردیا، انہوں نے یہ بھی کہا جتنا سستا حج ہم کرارہے ہیں دنیا میں اتنا سستا حج کہیں نہیں ہوتا۔یہ بات انہوں نے ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا قوم کو خوش خبری دینا چاہتا ہوں کہ پچھلے سال جتنے بھی حاجی گئے تھے انہیں ریفنڈ دے رہے ہیں، پچھلے سال حج کرنے والوں کو 20 ہزار روپے سے لے کر ایک لاکھ روپے تک واپس ملیں گے، اس سال بھی حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں گے، اس سال حج کے اخراجات بڑھائے نہیں گئے۔ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور نے رقوم واپسی کی تفصیلات پیش کیں کسی حاجی کو ایک لاکھ روپے اور کسی حاجی کو بیس ہزار روپے ملیں گے، ایک لاکھ چالیس ہزار روپے صرف تین فیصد حجاج کو واپس ملیں گے، 75ہزار روپے 23 فیصد حاجیوں کو ملیں گے اسی طرح تین ہزار حاجیوں کو 50 ہزار روپے واپس ملیں گے۔ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا کہ حج کے لیے 10 لاکھ 50 ہزار روپے سے لے کر 11 لاکھ 75 ہزار روپے تک لے رہے ہیں، اس حج میں بھی اگر بچت ہوگئی تو ان حاجیوں کو پیسے واپس ملیں گے،جمعہ تک حاجیوں کے اکانٹ میں پیسے واپس آنا شروع ہوجائیں گے۔