سموگ کے باعث کئی علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کا سامنا
لاہور،ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ،خصوصی رپورٹ)بھارت میں دیوالی کی آتشبازی اور بھارتی پنجاب سے آنے والی آلودہ ہوائوں کے اثرات صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں نظر آنے لگے، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا،کئی علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن کا سامنا ہے۔فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور شہر میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ہے ، دریں اثناء پنجاب کے دیگر شہروں کی فضا بھی انتہائی آلودہ ہو چکی، ملک میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے ملتان پہلے نمبر پر آگیا۔ گزشتہ روز شہر کی فضا دن بھر مضر صحت رہی، آلودگی کی مجموعی درجہ بندی میں یہ شرح 1004 ریکارڈ کی گئی ،بہاولپور میں 796 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آلودگی کے ہر مقامی ذریعے کے خلاف کارروائی جاری ہے ،پنجاب بھر میں 28 صنعتی یونٹس کی انسپیکشن کی گئی، جن میں سے 3 کو سیل جبکہ 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اسی طرح 11 بھٹے سیل، ایک مسمار اور 3 مقدمات درج کیے گئے ہیں ، تمام کمشنرز اور ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔