ایرانی دھمکیوں کے پیشِ نظر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ فوجی اڈے منتقل ہوگئے

ایرانی دھمکیوں کے پیشِ نظر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ فوجی اڈے منتقل ہوگئے

واشنگٹن: ایران کی جانب سے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے اپنا گھر چھوڑ کر ایک فوجی اڈے پر رہائش اختیار کرلی ہے۔

 امریکی حکام نے ان کی سکیورٹی سے متعلق خدشات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق معاملے سے واقف تین افراد نے بتایا ہے کہ امریکی حکام نے حالیہ ہفتوں کے دوران ایران کی جانب سے موجودہ اور سابق امریکی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق یہ سرگرمیاں پہلے کے مقابلے میں زیادہ منظم اور خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکام کو اسکاٹ بیسنٹ کے خلاف ممکنہ خطرات اور دھمکیوں سے متعلق انٹیلی جنس معلومات موصول ہوئی تھیں۔ ان معلومات کے بعد ان کی رہائش تبدیل کرنے اور انہیں فوجی اڈے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے حساس نوعیت کے معاملے کے باعث اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ کے ترجمان نے اسکاٹ بیسنٹ کی فوجی اڈے پر منتقلی کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ دھمکیوں سے خوف زدہ ہوکر اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ اپنی ذمہ داریاں معمول کے مطابق ادا کرتے رہیں گے۔رپورٹ میں تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ایران کی جانب سے اسکاٹ بیسنٹ کو نشانہ بنانے کی مبینہ منصوبہ بندی کس نوعیت کی تھی، اس حوالے سے کیا مخصوص انٹیلی جنس معلومات حاصل ہوئیں یا ممکنہ خطرے کی تفصیلات کیا ہیں۔