لاہور کے علاقے اسلام پورہ کے اکرم پارک میں ایک گھر سے 40 سالہ خاتون کی کئی روز پرانی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔
پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کرکے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ مکان کرائے پر لینے والے بابر مسیح کی تلاش کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق اکرم پارک میں واقع ایک گھر سے شدید بدبو اٹھنے پر اہل محلہ کو تشویش ہوئی، جس پر انہوں نے فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی اسلام پورہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گھر کی تلاشی لینے پر اندر سے 40 سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ مکان بابر مسیح نامی شہری نے کرائے پر لے رکھا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش تقریباً تین سے چار روز پرانی معلوم ہوتی ہے۔ تاہم خاتون کا بابر مسیح کے ساتھ کیا تعلق تھا، اس حوالے سے تاحال حتمی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق خاتون بابر مسیح کی بہن یا دوست ہو سکتی ہے۔
خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنے کے دوران خاتون کے جسم پر گولی یا چھری کے زخموں کے نشانات نہیں پائے گئے۔ تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ خاتون کی موت کسی زہریلی چیز کے استعمال یا کسی دوسری وجہ سے ہوئی ہو سکتی ہے۔حکام کے مطابق صرف ابتدائی معائنے کی بنیاد پر موت کی وجہ کا تعین ممکن نہیں، اس لیے پوسٹ مارٹم اور دیگر طبی و فرانزک رپورٹس کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
فرانزک ٹیموں نے شواہد اکٹھے کر لیے
واقعے کی اطلاع ملنے پر فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور گھر سے اہم شواہد اکٹھے کرکے مزید تجزیے کے لیے بھجوا دیے۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔دوسری جانب پولیس نے بابر مسیح کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے، جو اس کی موجودگی اور واقعے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔