رنبیر کپور کی ’’ رامائن‘‘ کی عالمی کمائی 660 کروڑ روپے سے متجاوز

فلم نے 9 نومبر کو اپنے پانچویں روز مقامی باکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے زائد نیٹ کمائی کی
ممبئی (شوبز ڈیسک) ہدایت کار نتیش تیواری کی میگا بجٹ فلم رامائن پارٹ ون نے ریلیز کے صرف پانچ روز میں بھارتی اور عالمی باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے فلمی حلقوں میں دھوم مچا دی ہے۔ رنبیر کپور، یش اور سائی پلوی کی مرکزی اداکاری پر مشتمل فلم نے دیوالی کے بعد بھی شاندار کاروبار کیا اور دنیا بھر میں اس کی مجموعی کمائی 660 کروڑ بھارتی روپے سے تجاوز کرنے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم نے 9 نومبر کو اپنے پانچویں روز مقامی باکس آفس پر 100 کروڑ روپے سے زائد نیٹ کمائی کی، جو فلم کی اب تک کی سب سے بڑی یومیہ کلیکشن قرار دی جا رہی ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کے اعدادوشمار کے مطابق پانچ روز میں بھارت میں فلم کی نیٹ کمائی 333.79 کروڑ جبکہ دنیا بھر میں مجموعی کلیکشن 650.32 کروڑ روپے رہی۔ مختلف تجارتی اداروں کے تخمینوں میں معمولی فرق موجود ہے۔فلم میں رنبیر کپور نے بھگوان رام، یش نے راون اور سائی پلوی نے سیتا کا کردار ادا کیا ہے جبکہ سنی دیول اور روی دوبے بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔فلم کی خاص بات اس کا وسیع پیمانے پر تیار کیا گیا بصری معیار، جدید ویڑول ایفیکٹس اور موسیقی ہے۔ اے آر رحمان اور ہانس زیمر نے فلم کی موسیقی پر کام کیا ہے۔فلمی حلقوں کی جانب سے بھی فلم کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے۔ ہدایت کار مدھر بھنڈارکر نے فلم کی ٹیم، اداکاروں اور ہدایت کار کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ فلم کی کامیابی نے بھارتی سنیما میں بڑے بجٹ کی تاریخی اور مذہبی موضوعات پر مبنی فلموں کے حوالے سے نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔