امریکا ،یورپ ، ایشیا کی مارکیٹس میں حصص کی قیمتیں گر گئیں،ڈالر مضبوط
لندن(خصوصی رپورٹ)ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بند رکھنے کے حکم کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 100 ڈالر سے تجاوز کر گئیں جبکہ سٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی رہی۔ ایران کے جوابی حملوں نے خلیج ہرمز کے ذریعے سمندری نقل و حمل تقریباً بند کر دی ہے، جہاں دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کا تیل اور مائع گیس گزرتی ہے۔جمعرات کو برینٹ نارتھ سی کروڈ 8اعشاریہ6فیصد بڑھ کر 101اعشاریہ59 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جو تنازعہ کے آغاز سے تقریباً 38 فیصد زیادہ ہے جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ9اعشاریہ 3فیصد اضافے سے 95اعشارہ38 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا ،گزشتہ روز وال اسٹریٹ اور یورپ و ایشیا کی بڑی مارکیٹس میں حصص کی قیمتیں گر گئیں، جبکہ امریکی ڈالر دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے میں مضبوط ہوا۔