بھارتی حکومت کے دسمبر میں انتخابات کروانے کے فیصلے کے خلاف کارگل میں ہڑتال

 سرینگر(آئی این پی ) مقبوضہ کشمیر کے مشرقی خطہ لداخ میں ایک بار پھر نئی دلی کے خلاف ناراضی کی لہر پھیل گئی ۔ کارگل ڈیموکریٹک الائنس اور لداخ کی سماجی، تجارتی اور رضاکار انجمنوں کی کال پر منگل کے روز ضلع کارگل میں مکمل ہڑتال کی گئی جس سے کارگل میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ بی بی سی رپورٹ کے مطابق یہ ہڑتال بھارتی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف ہورہی ہے، جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ لداخ کے انتظامی ادارے لداخ ہِل ڈیولپمنٹ کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے انتخابات شدید ترین سردی کے دوران دسمبر میں منعقد کروائے جائیں گے۔احتجاج کے باعث علاقے میں تمام بازار بند رہے، بار ایسوسی ایشن کی جانب سے عدالتی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں، اور عوامی چوکوں پر خاموشی چھائی رہی۔گذشتہ روز شام کے وقت جمہوریت بچا ئوکے نعرے کے تحت ایک علامتی کینڈل مارچ بھی نکالا گیا۔لداخ کے تمام مقامی دھڑوں کو متحد کرنے والا بنیادی مطالبہ بالکل سادہ ہے کہ ایل اے ایچ ڈی سی کے انتخابات کو ملتوی کر کے اپریل یا مئی 2027 کے گرم مہینوں میں کروائے جائیں۔کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ سجاد کارگلی کا کہنا ہے کہ مقامی نمائندوں کے لئے سب سے بڑی تشویش جغرافیائی اور موسمی حالات کے باعث ووٹنگ کے حق سے محرومی ہے۔لداخ کی منفی درجہ حرارت والی سردیاں نہ صرف انتظامی اور لاجسٹک رکاوٹیں کھڑی کرتی ہیں، بلکہ جمہوری عمل کے لئے سب سے بڑا خطرہ یہاں کی آبادی کی موسمی ہجرت ہے۔یاد رہے کہ سردیاں شروع ہوتے ہی کرگل کے ووٹرز کا ایک بڑا حصہ انڈیا کے دیگر گرم علاقوں کا رخ کر لیتا ہے۔لداخ سے رکن پارلیمنٹ حاجی حنیفہ جان نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ خطے کی تقریبا 20 سے 25 فیصد آبادی شدید سردی کے موسم میں یہاں سے چلی جاتی ہے۔لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کو لکھے گئے خط میں انھوں نے دسمبر میں انتخابات کروانے کی منطق پر سوال اٹھایا اور زور دیا کہ سردیوں میں ووٹنگ کرانے سے ہزاروں ووٹرز اپنے بنیادی حقِ رائے دہی سے محروم ہو جائیں گے۔سجاد کارگلی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے انتظامیہ کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ یکطرفہ فیصلے مسلط کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔