پشاور(آئی این پی )خیبر پختونخوا میں وکلا نے منگل کو وفاقی آئینی عدالت کے اس فیصلے کے خلاف ہڑتال کی جس کے تحت پشاور ہائی کورٹ کو گورنر راج اور گرفتاریوں کے خلاف درخواستوں پر سماعت سے روک دیا گیا تھا۔ گزشتہ ہفتے وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف دائر درخواستوں کے ساتھ ساتھ مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس(ایم پی او) کے تحت گرفتاریوں کے خلاف دائر مقدمات سننے سے بھی روک دیا تھا۔وکلا نے منگل کو خیبر پختونخوا بار کونسل کی اپیل پر وکلا نیہڑتال کی اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا جس سے عدالتی امور متاثر ہوگئے ۔ وکلا نے آئینی عدالت کے فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹس کے اختیارات معطل کرنے کا فیصلہ غیر آئینی ہے اور یہ صوبے میں بنیادی حقوق ختم کرنے کے مترادف ہے۔بار کونسل کے مطابق صوبے کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔دوسری جانب صدر خیبر پختونخوا بار کونسل محمد رفیق مہمند نے اعلان کیا ہے کہ کونسل متعلقہ مقدمے میں فریق بننے کے لیے بھی درخواست دائر کرے گی۔