کارگل کے پہاڑ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کے گواہ ہیں،محسن نقوی

وزیرداخلہ محسن نقوی کا یوم شہادت پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت، قوم کے عظیم بہادر بیٹے کو قوم کا سلام
اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے یوم شہادت پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے عظیم بہادر بیٹے کو قوم کا سلام پیش کیا ہے۔ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ کارگل کے پہاڑ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بہادری کے گواہ ہیں۔کیپٹن کرنل شیر خان نے معرکہ کارگل میں دشمن پر لرزا طاری کر دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کا بھرپور مقابلہ کرنے والا قوم کا دلیر سپاہی آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جرات سے لڑتے ہوئے دشمن کے عزائم خاک میں ملائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جوانمردی اور شجاعت کی تاریخ رقم کی ۔ کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔