خیبر میں پراسرار بیماری سے ایک ہی خاندان کے 5بچے جاں بحق

جاں بحق ہونیوالوں میں دو بچیاں، تین بچے شامل ،منہ اور ناک سے پانی بہنے کی شکایت تھی  
بچوں کو کئی روز سے کمزوری محسوس ہورہی تھی، مختلف طبی ٹیسٹ ، تمام کے تمام نارمل آئے:ہسپتال انتظامیہ 
 میڈیکل ٹیم پراسرار بیماری کی اصل وجوہات کا سراغ لگانے کیلئے جلد ہی متاثرہ گائوں کا دورہ کرے گی  
لنڈی کوتل(آئی این پی )ضلع خیبر میں پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے 5کمسن بچے جاں بحق اور 2 بے ہوش ہوگئے۔تفصیل کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل بازار کے قریب تھانا بازار ذخہ خیل علاقے قاضیانو کلے میں ایک ماہ کے دوران ایک پراسرار بیماری کے باعث ایک ہی خاندان کے پانچ بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو بچیاں اور تین بچے شامل ہیں۔متاثرہ بچوں کو منہ اور ناک سے پانی بہنے کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے مختلف طبی ٹیسٹ کروائے گئے جو تمام کے تمام نارمل آئے ہیں۔ اس پراسرار بیماری میں مبتلا مزید دو بچے اس وقت اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جن کی طبی نگرانی کی جا رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ بچوں کو علاج کیلئے فوری اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ اسی دوران 5 بچے دم توڑگئے جب کہ 2 بچوں کو پشاور کے اسپتال میں طبی امداد دی جاری ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 5 سال سے کم ہیں۔ادھر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ کے مطابق بیماری کی تشخیص کیلئے بچوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بچوں کو کئی روز سے کمزوری محسوس ہورہی تھی، میڈیکل ٹیم بازار ذخہ خیل کے گاں قاضیانو کلے کا معائنہ کرے گی۔دریں اثنا واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ علاج بچوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی خصوصی میڈیکل ٹیم اس پراسرار بیماری کی اصل وجوہات کا سراغ لگانے کیلئے جلد ہی متاثرہ گائوں کا دورہ کرے گی تاکہ صورتحال کا تخمینہ لگایا جا سکے اور مزید بچائو کے اقدامات کیے جا سکیں