یوکرین تنازع سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے:کامران تاج

  تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی  ذمہ داریوں کی پابندی کرنی چاہئے
، زیرحراست افراد  کا تحفظ   یقینی بنایاجائے:  اقوام متحدہ میں پاکستان  مشن کے قونصلر کا خطاب
نیویارک(آئی این پی )پاکستان نے روس،  یوکرین تنازع کے  تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی مکمل پاسداری کریں اور تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے کیلئے  اقدامات  کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کے قونصلر کامران تاج نے اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل کے15 رکنی   یوکرین سے متعلق آریا فارمولا  اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔کامران تاج نے  کہا کہ تمام فریقین کو بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی متعلقہ ذمہ داریوں کی پابندی کرنی چاہئے۔پاکستان کے مشن قونصلر نے بین الاقوامی قانون کے تحت جنگی قیدیوں کو حاصل تحفظات کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے ساتھ کسی بھی قسم کے ناروا سلوک کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان متحدہ عرب امارات، قطر اور ترکیہ کی معاونت سے جنگی قیدیوں کا باقاعدہ تبادلہ درست سمت میں ایک قدم ہے۔