جناح ہال آرٹس کونسل میں تقریب،218 کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم
ساہیوال (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم 2025 کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا، ضلع ساہیوال کے 218 خوش نصیب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی گئیں۔اس سلسلے میں جناح ہال ساہیوال آرٹس کونسل میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے شروع کردہ تمام منصوبوں پر مرحلہ وار عمل جاری ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے ہر وعدے کو عملی جامہ پہنایا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی محمد ارشد ملک نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تاریخی زرعی پیکج دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کا ریٹ 3500 روپے فی من مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کاشت کریں اور ملکی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ گرین ٹریکٹرز کی تقسیم وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی انقلاب کے وڑن کی تکمیل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت فی ٹریکٹر 10 لاکھ روپے تک سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 10 ہزار جبکہ دوسرے مرحلے میں 20 ہزار ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔