روی شاستری نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلیے احمد آباد کانام تجویز کردیا

لاہور(نیٹ نیوز)سابق بھارتی ہیڈ کوچ نے ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلیے احمد آباد کا نام تجویز کردیا۔روی شاستری نے ایک پوڈ کاسٹ میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلیے احمد آباد کو ایک بہترین  آپشن قرار دیا، سابق آل راونڈر کا کہنا تھا کہ احمد  آباد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کیلیے بہترین مقام ثابت ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ آپ کو ایسی جگہ کا انتخاب کرنا چاہئے جہاں تماشائیوں کی بڑی تعداد کو اسٹیڈیم میں لایا جاسکے۔روی شاستری نے کہا کہ لارڈز ایک لاکھ تماشائیوں والا اسٹیڈیم نہیں ہے، اس لیے وہاں محدود ہجوم آتا ہے مگر احمد آباد جیسے مقامات پر چاہے کوئی بھی ٹیمیں کھیل رہی ہوں،  آپ کو یقینی طور پر ایک بڑی اور پرجوش تماشائیوں کی تعداد ملے گی۔ واضح رہے کہ احمد آباد کے نئے گراونڈ میں شائقین کی گنجائش ایک لاکھ 32 ہزار ہے۔