کاکروچ نہ جین زی پاکستانی نوجوان اقبال کے شاہین ہیں: مقررین

  نوجوان کل بھی صورت فولاد تھا اور آج بھی ،پاکستان مسلم نیٹو کی بنیاد رکھ رہا ہے:مجتبیٰ شجاع الرحمان  
ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو بھولنا نہیں چاہئے: سلمان غنی،بریگیڈئیر(ر) جاوید احمد ،ڈاکٹر آصف اقبال 
لاہور(پ،ر) پاکستان کے نوجوان کاکروچ ہیں نہ جین زی بلکہ یہ تو اقبال کے شاہین ہیں،پاکستان کا نوجوان کل بھی صورت فولاد تھا اور آج بھی ہے،یہی نوجوان ملک کا مستقبل ہیں،پاکستان مسلم نیٹو کی بنیاد رکھ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان اقبال کمپلیکس کے زیراہتمام اور نمل لاہور  کے اشتراک سے یوم آزادی اور مکہ دفاعی معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید کی میزبانی میں ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان  جبکہ سینئر صحافی سلمان غنی،صدر ایکس  سروس مین بریگیڈئیر(ر) جاوید احمد،آر ڈی نمل   بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اقبال ،چیئرپرسن شعبہ ابلاغیات پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے بھی خطاب کیا۔وزیر خزانہ پنجاب  مجتبیٰ شجاع الرحمان نے تقریب کے دوران نوجوانوں کا جوش و ولولہ دیکھتے ہوئے  اپنے خطاب میں کہا    زندہ قومیں اپنے آزادی کے ایام اسی طرح زندہ دلی سے مناتی ہیں۔انہوں نے کہا  پاکستان کا نوجوان کل بھی صورت فولاد تھا اور آج بھی ہے،یہی نوجوان ملک کا مستقبل ہیں،ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو بھولنا نہیں چاہئے۔انہوں نے مزید کہا  مکہ معاہدہ  صرف ایک دفاعی معاہدہ نہیں  بلکہ  امن کا پیغام ہے،جہاں مان نہیں ہو گا وہاں سرمایہ کاری نہیں آئے گی۔سینئر صحافی سلمان غنی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کے نوجوان کاکروچ  ہیں اور نہ ہی جین زی ،یہ تو اقبال کے شاہین ہیں،امریکی جو پاکستان بھارت جنگ میں نیوٹرل بننا چاہتا تھا ،جب بھارت کی شکست دیکھی تو صلح کیلئے آن دھمکا،وہ مودی جسے رافیل پر ناز تھا،اس کا غرور خاک میں مل گیا،۔ صدر ایکس  سروس مین بریگیڈئیر(ر) جاوید احمدنے اپنے خطاب میں کہا ملکی تاریخ میں یاسیت کے مواقع آئے لیکن اللہ تعالیٰ نے  ہمیشہ مدد فرمائی جس کی ماضی قریب میں مثال معرکہ حق کی ہے،مکہ معاہدہ کرانا پاکستان کی ذمہ داری بھی تھی کیونکہ پاکستان دفاعی لحاظ سے اس قابل ہے،یہ بھی اللہ کا تحفہ ہے کہ اس نے اس کامیابی کا ہار بھی پاکستان کے گلے میں ڈال دیا ہے۔ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے کہا اس بار جشن آزادی منفرد نوعیت کا ہے،کیونکہ چند روز قبل مکہ معاہدہ نے اتحاد امت کی بناید رکھ دی،دوسری طرف امریکہ ایران جنگ میں ثالثی کا کردار بھی ایک سنگ میل ہے،پاکستان نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ امن کا خواہاں  اور بڑی طاقتوں کے ساتھ جہاں برابری کی سطح پر کام کر سکتا ہے وہاں دنیا کے تنازعات کے خاتمے میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتا ہے،پاکستان مسلم نیٹو کی بنیاد رکھ رہا  اور مستقبل میں مسلم ممالک کا اتحاد ممکن ہے۔بریگیڈئیر(ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف اقبال نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا آزادی کی اہمیت اور تقاضوں پر بات کی جائے تو پاکستان نے ہم کو سب کچھ دیا ہمیں  سوچنا چاہئے کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا۔تقریب میں ابتدائیہ کلمات ایڈمنسٹریٹر ایوان اقبال انجم وحید ،  نقابت کے فرائض مس جنت الفردوس نے ادا کئے جبکہ  تلاوت قرآن پاک کی سعادت قاری  سعد افضل اور نعت منائل سعید نے پیش کی۔تقریب کے موقع پر ایوان اقبال کا کانفرنس ہال طلبہ و طالبات،اساتذہ کرام دیگر لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا