گرین سٹیکر کے بغیر گاڑی کا داخلہ بند

15 نومبر کے بعد کے بعد سٹیکر کے بغیر گاڑی کے موٹروے یا شہر میں داخل نہیں ہو سکے گی ،کریک ڈائون کا اعلان 
لاہور( کرائم رپورٹر)محکمہ ماحولیات نے پنجاب بھر میں گاڑیوں کے اخراج کے معائنے کے بغیر سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کا اعلان کردیا،15 نومبر کے بعد گرین سٹیکر کے بغیر کوئی گاڑی موٹروے یا شہر کے داخلی راستوں پر داخل نہیں ہو سکے گی۔ ترجمان ادارہ ماحولیات ساجد بشیر کے مطابق ادارہ تحفظ ماحولیات نے گاڑیوں کے دھوئیں کے معائنے کی فیسوں کا نیا اور حتمی شیڈول جاری کر دیاہے،10 نومبر 2025 سے پیڈ وہیکل ایمیشن ٹیسٹنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور گاڑیوں کے اخراج ٹیسٹ کی فیس لازمی طور پر وصول شروع کر دی گئی ہے۔موٹر سائیکل کے دھوئیں کے معائنے کی فیس 100 روپے،رکشے کیلئے اخراج ٹیسٹ فیس 300 روپے ، 1000 سی سی تک کی کاروں کیلئے فیس 500 روپے، 1000 سے 1500 سی سی کیلئے 800 روپے مقررکی گئی ہے۔ اسی طرح 1500 سے 2500 سی سی گاڑیوں کیلئے فیس 1000 روپے، 2500 سے 4500 سی سی کیلئے 1500 روپے،4500 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے دھوئیں کے معائنے کی فیس 2000 روپے مقررکی گئی ہے،تمام ادائیگیاں صرف ای پے سسٹم کے ذریعے ہوں گی، نقد ادائیگی مکمل طور پر ممنوع قراردی گئی ہے ،بغیر ای پے تصدیق کے کوئی گاڑی ایمیشن ٹیسٹ کیلئے قبول نہیں کی جائے گی اورتمام اسٹیشنز پر فیس اور ادائیگی سے متعلق معلومات نمایاں طور پر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔