گرین سٹیکر کے بغیر گاڑیوں کے چالان شروع

پہلے مرحلے میں2010 سے2015 ماڈل کی گاڑیوں کے چالان ہونگے،ادارے کا ٹیسٹنگ سسٹم فعال:ساجد بشیر
لاہور( خصوصی رپورٹ)سموگ سیزن سے قبل فضائی آلوودگی کنٹرول کرنے کا مشن،محکمہ ماحولیات نے آلودگی کو کم سے کم سطح پر لانے کیلئے کارروائیوں کا آغاز کردیا۔پہلے مرحلے میں2010 سے2015 ماڈل کی گاڑیوں کے چالان ہونگے۔ ٓ ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے بتایا ادارے کا ایمیشن ٹیسٹنگ سسٹم فعال ہے 31 اگست ڈیڈ لائن کے بعد گرین سٹیکر کے بغیر گاڑیوں کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ،پہلے مرحلے میں 2010 تا 2015 ماڈل گاڑیوں کو وارننگ سلپس ای چالان کے ساتھ بذریعہ پوسٹ بھیجی جا رہی ہیں ۔دوسری بار سلپ کے بعد جرمانہ اور قانونی کارروائی ہوگی۔ ترجمان ادارہ ماحولیات ساجد بشیر نے بتایا پٹرول و ڈیزل گاڑیوں کے اخراج کی سخت جانچ جاری ہیابتک 3 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کو گرین سٹیکر لگایا جا چکا ہے ، بار بار خلاف ورزی پر جرمانہ اور گاڑی بند کرنے کی کارروائی ہوسکتی ہے۔گرین سٹیکر صرف اخراج ٹیسٹ پاس کرنیوالی گاڑیوں کو دیا جائے گا۔سموگ سیزن میں گرین سٹیکر کے بغیر لاہور میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ شہری قریبی بوتھز سے اخراج ٹیسٹ فوری کرائیں ،گرین سٹیکر کیلئے جلد فیس مقرر کر دی جائیگی۔