بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اور مقبول اداکار دھرمیندر کا 89 سال کی عمر میں انتقال، شوبز کی دنیا میں غم کی گھڑیاں

بھارتی فلم انڈسٹری کے عظیم اور مقبول اداکار دھرمیندر کا 89 سال کی عمر میں انتقال، شوبز کی دنیا میں غم کی گھڑیاں

بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اور بہت ہی مقبول اداکار دھرمیندر کا پیر کے روز انتقال ہو گیا ہے۔

 انہیں بالی ووڈ میں ایک ایسے اسٹار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے کئی دہائیوں تک فلموں میں شاندار کردار ادا کیے اور کروڑوں مداحوں کے دل جیتے۔اداکار کے انتقال کی خبر اس وقت سامنے آئی جب پیر کی صبح ممبئی میں ان کے گھر کے باہر اچانک ایمبولینس اور سخت سکیورٹی نظر آئی۔ اس منظر نے مداحوں میں تشویش پھیلائی، جبکہ اس سے قبل 11 نومبر کو بھارتی میڈیا نے ان کے انتقال کی خبریں دی تھیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں۔اس وقت بھی بھارتی میڈیا مختلف چینلز پر ان کی خبریں چلا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی پوسٹس شیئر ہو رہی ہیں جن میں ان کے انتقال کا ذکر ہے، تاہم ابھی تک کسی خاندان کے فرد کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایشا دیول ان کے صحت سے متعلق خبر سن کر پہنچیں، اور امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن اور عامر خان کو بھی اس موقع پر دیکھا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ دھرمیندر کی ایک ماہ کے اندر دوسری بڑی طبی ایمرجنسی تھی، جس کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔

بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار و فلمساز کرن جوہر نے اپنے تعزیتی نوٹ میں کہا کہ دھرمیندر ایک دور کا خاتمہ ہیں، ایک عظیم میگا اسٹار اور سینما کا اصل ہیرو تھے۔ انہوں نے لکھا کہ دھرمندر نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ ایک بہترین انسان بھی تھے، جنہیں انڈسٹری میں محبت اور عزت سے یاد کیا جائے گا۔دھرمندر نے اپنی فلمی زندگی میں سیکڑوں فلموں میں کام کیا اور انہیں ’ہی مین آف انڈین سنیما‘ کے طور پر بھی یاد کیا جاتا ہے۔ ان کی وفات پر مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔بھارتی فلم انڈسٹری میں دھرمیندر کو اپنی کلاسک فلموں، شاندار اداکاری اور باوقار شخصیت کے سبب ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔