عظمی بخاری کا گنڈا پور اور پی ٹی آئی رہنماؤں پر شدید تنقید، کہا پارٹی میں جنگ جاری ہے

عظمی بخاری کا گنڈا پور اور پی ٹی آئی رہنماؤں پر شدید تنقید، کہا پارٹی میں جنگ جاری ہے

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ اور اس کے پیروکار یوٹرن کو بہادری سمجھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گنڈا پور کو پارٹی میں کوئی شخص وزیراعلیٰ ماننے کو تیار نہیں اور نہ ہی اس کے احکامات کو سنجیدہ لیا جاتا ہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانا امریکی آقاؤں سے وفاداری کا عہد تھا، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امریکی غلامی کے خلاف جنگ لڑنے والے نہیں، بلکہ آزادی کا لبادہ اوڑھ کر امریکی مفادات کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنڈا پور اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنما جلسے کے بعد آپس میں الجھ پڑے ہیں اور پارٹی میں کوئی بھی واضح رہنمائی دینے والا نہیں۔

عظمی بخاری نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے اندر اقتدار کی لڑائی جاری ہے، جس میں نند بھاوج کی علیحدہ سے اپنی جیت کی جنگ چل رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ تحریک انصاف اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے اور اس کی قیادت میں کوئی اتحاد یا سمت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص کبھی ہار ماننے کو تیار نہیں تھا، اب وہ روزانہ این آر او کی درخواستیں کر رہا ہے۔