منہالہ بازار کے بلال کو اغوا کرکے 30لاکھ روپے تاوان طلب کیا گیا
باٹا پور کا سب انسپکٹر ،کانسٹیبل نامزد، دیگر ملزموں کی نشاندہی کیلئے تحقیقات
لاہور ( کرائم رپورٹر) شہر میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے مبینہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے۔ منہالہ بازار کے علاقے میں لاہور کے رہائشی بلال کو اغوا کیا گیا، اور مغوی کی والدہ کی درخواست پر تھانہ ہڈیارہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، اغواکاروں نے بلال کی رہائی کے لیے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا، جو کہ فون اور واٹس ایپ کے ذریعے مانگا گیا۔پولیس کی ابتدائی تفتیش میں تھانہ باٹا پور کے سب انسپکٹر اور کانسٹیبل فرمان سمیت دو افراد کو نامزد کیا ہے، جن کے خلاف سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے میں ملوث دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کیا جا سکے۔