واشنگٹن(آئی این پی ) مسلم کونسل آف امریکا نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فلسطین اور لبنان میں فوری جنگ بندی کرانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوںنے دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جو بائیڈن کے خلاف ووٹ دیا اس لیے ڈونلڈ ٹرمپ اپنا منصب سنبھالنے سے پہلے جنگ بندی کے لئے کردار ادا کریں۔ اتوار کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم کونسل کے چیئرمین رانا زمان سعید نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی میں مسلمان ووٹرز کاکلیدی کر دار ہے اور مسلم ووٹرز کی ڈونلڈ ٹرمپ سے فلسطین او ر لبنان میں جنگ رکوانے کے حوالے سے بہت زیادہ توقعات ہیں ، اس لئے اب نو منتخب صدر پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنا منصب سنبھالنے سے پہلے فلسطین اور لبنان میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کرواتے ہوئے فوری طور پر جنگ بندی کرائیں۔