چین ، پاکستان کے درمیان ٹی وی ای ٹی میں تعاون کو مزید فروغ دیاجائیگا: عفیفہ شازیہ

 نوجوانوں کو ضروری مہارت اور تعلیم فراہم کرناملکی خوشحالی کیلئے بہت ضروری ، ایجوکیشن قونصلرکا کانفرنس سے خطاب 
شانڈونگ(آئی این پی)چین میں پاکستانی سفارتخانے کی ایجوکیشن قونصلر عفیفہ شازیہ اویس نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو ضروری مہارت اور تعلیم فراہم کرناملکی خوشحالی کے لئے بہت ضروری ہے،چین اور پاکستان کے درمیان ٹی وی ای ٹی میں تعاون کو مزید فروغ دیاجائے گا ۔ گوادر پرو کے مطابق چین کے شانڈونگ ووکیشنل کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 100 سے زائد تعلیمی اداروں، یونی ورسٹیوں، تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر شانڈونگ میں چائنا پاکستان ڈیجیٹل ایجوکیشن پروموشن کانفرنس کا انعقاد کیا۔گوادر پرو کے مطابق اس موقع پر اپنے خطاب میں پاکستانی سفارتخانے کی ایجوکیشن قونصلر عفیفہ شازیہ اویس نے کہا کہ ٹیکنیکل اینڈووکیشنل ایجوکیشن ٹریننگ کے شعبے میں باہمی تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ایک تیزی سے ترقی پذیر دنیا میں، ہمارے نوجوانوں کو ضروری مہارت اور تعلیم فراہم کرنا ان کی ذاتی ترقی اور ہمارے ملک کی خوشحالی کے لئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عملی مہارتوں کے تبادلے، تکنیکی تبادلوں اور جدت طرازی کی صلاحیتوں کو فروغ دے کر چین اور پاکستان کے درمیان ٹی وی ای ٹی میں تعاون کو مزید گہرا کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے لئے مشترکہ طور پر ایک روشن اور خوشحال مستقبل تشکیل دیا جا سکے۔