مریم نواز پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں، خود علاج باہر سے کراتی ہیں،مشیراطلاعات
پشاور(آئی این پی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بدترین سموگ کی وجہ سے زندگی کے معمولات معطل ہیں، باپ بیٹی کا جنیوا میں گھومنا پنجاب کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔ ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کئی باریاں لینے کے باوجود ایک ہسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کرا سکیں، پنجاب کے ہسپتال ادویات کی قلت اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، مریم نواز پنجاب کے ہسپتالوں کی تعریفیں کرتی نہیں تھکتیں، خود علاج باہر سے کراتی ہیں، قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شریف خاندان کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ مریم نواز نے پرائیوٹ جیٹ ہائیر کیا ہوا ہے، باپ بیٹی جنیوا کی تازہ ہوائوں میں گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاز نے صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھر کر اڑان بھری ہے، ملک کی حالت قابل رحم ہے اور ان کے شاہی خرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ فارم 47 والے عوام کا مذاق اڑاتے ہیں، یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے ہسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔