کب تک بلوچستان حقوق کے نام پر انسانوں کے قاتلوں کو ہیرو بنایا جائیگا؟،صحافیوں سے گفتگو
لاہور(آئی این پی )چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہرمحمود اشرفی نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست پاکستان دہشتگردوں کے خلاف سخت ایکشن لے،کب تک بلوچستان حقوق کے نام پر انسانوں کے قاتلوں کو ہیرو بنایا جائیگا۔اتوار کو لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی میں بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے، جوں جوں پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے دہشت گردی کی جارہی ہے، دہشت گردی کرنے والوں کا تعلق کسی صوبہ یا کسی طبقہ سے نہیں۔چیئرمین علما کونسل کا کہنا تھا کہ خارجی دہشت گرد بی ایل اے کے لوگ ملک کو غیرمستحکم اور پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں، جس نے خود کش حملہ کیا وہ امریکی اسلحہ سے لیس تھا، اس کی وردی، گن ،ٹوپی دیکھیں جو امریکا جاتے ہوئے افغانستان میں چھوڑ گیا، ریاست پاکستان سے مطالبہ ہے دہشت گردوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔