یہ نہیں ہو سکتا ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے کے بعد پاکستان کو احکامات دینا شروع کر دیں گے
کسی مجرم کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے وہ جیل میں بیٹھ کر سیاسی سرگرمیاں کرے:مشیر سیاسی امور
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے دبائو کی باتیں فضول ہیں ، کسی کو بھی امریکا سے بانی پی ٹی آئی کیلیے ہوتا ہوا کچھ نظر نہیں آ رہا، امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ایک فضول قسم کی بحث شروع کر دی گئی، یہ نہیں ہو سکتا کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدر بننے کے بعد پاکستان کو احکامات شروع کر دیں گے، پاکستان اپنی ترجیحات اور مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرتا ہے اور کرے گا۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کون سا طبقہ ہے جو کہتا ہے اگر امریکا نے کہہ دیا تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے گا، پاکستان اپنے مفادات اور ترجیحات کو سامنے رکھ فیصلے کرتا ہے، امریکا کہے عافیہ صدیقی کے بدلے بانی پی ٹی آئی کو دیں تو میں اس کی حمایت کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بانی پی ٹی آئی سے محبت جاگ اٹھتی ہے تو عافیہ صدیقی کے بدلے سودا کر لینا چاہیے، امکانات نظر نہیں آ رہے مگر کچھ لوگ کئی دنوں سے اس کا ذکر کر رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے پارٹی رہنمائوں کی جیل میں ملاقات کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایسی دستاویزات کا معلوم نہیں کہ کسی مجرم کو سیاسی ملاقاتوں کی اجازت ہو، کسی مجرم کو ایسی اجازت نہ ہو کہ جیل سے بیٹھ کر فتنہ پھیلائے، کسی مجرم کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہیے جو جیل میں بیٹھ کر سیاسی سرگرمیاں کرے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے مطالبہ کروں گا کہ ایسے مجرم کی سیاسی ملاقاتوں پر پابندی لگا دے