ملزم اگر کسی مقدمے کا سامنا کر رہا ہے اور جوڈیشل حراست میں ہے تو حکومت کیسے رہا کرسکتی ہے
ٹرمپ کے پریشر پر تو ہم کوئی کام نہیں کریں گے‘ حکومت کو قطعا کوئی گھبراہٹ نہیں:مشیر سیاسی امور
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے امریکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کردے تو ہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بارے میں سوچ سکتے ہیں، ملزم اگر کسی مقدمے کا سامنا کر رہا ہے اور جوڈیشل حراست میں ہے تو حکومت کیسے رہا کرسکتی ہے۔ایک انٹرویو میں راناثنااللہ نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ایسا تو نہیں ہوسکتا کہ ہم ان کے تمام مطالبات سے اتفاق کر یں یا وہ ہمار ے مطالبات پر متفق ہوں، ہماری طرف سے ایسا معاملہ نہیں کہ فوری میٹنگز کریں، اگر پی ٹی آئی جلد کسی نتیجے پر پہنچنا چاہتی ہے تو ہماری طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، ٹائم فریم اگر وہ مقرر کرنا چاہیں گے تو بالکل ہوجائیگا۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے کام آئین و قانون کے تحت ہی کرنے ہیں، ملزم اگر کوئی ٹرائل فیس کر رہا ہے اور جوڈیشل کسٹڈی میں ہے تو حکومت کیسے رہا کرسکتی ہے، انہوں نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ کے پریشر پر تو ہم کوئی کام نہیں کریں گے، اگر مداخلت کی گئی تو اپنی خودمختاری میں مداخلت تصور کریں گے، ٹوئٹس اور بیانات پر تو ہم کام کرنے والے نہیں ہیں۔