بانی پی ٹی آئی کاقید رہنا ملکی مفاد میں ہے: رانا ثنا اللہ

حکومتی جائزے کے مطابق پی ٹی آئی کی 24نومبر کی کال پر کامیابی کاکوئی چانس نہیں
 بشری بی بی نے متنازعہ بیان دے کر پی ٹی آئی کیلئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں:مشیرسیاسی امور
اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کا جیل میں رہنا ملک کے مفاد میں ہے،پی ٹی آئی کے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے،حکومتی جائزے کے مطابق پی ٹی آئی کی 24نومبر کی کال پر کامیابی کاکوئی چانس نہیں،تین صوبوں سے انہیں کوئی سپورٹ نہیں ملے گی، دو تین روز میں ان کا معاملہ حل کرلیں گے۔اایک انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی واضح کہہ چکے ہیں کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں کروں گا، ہماری طرف سے موقف ہے سیاسی مذاکرات سے مسائل حل ہو سکتے ہیں جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح طور پر اسمبلی میں کہا تھا کہ آئیں میثاق معیشت کرتے ہیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پی ٹی آئی کی کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ مسائل کا حل مذاکرات سے ممکن ہے، پی ٹی آئی کا وہی لیول ہے جو جلسہ ملتوی کرنے سے متعلق رابطوں کا تھا، میرا خیال ہے کہ نچلے لیول پر پی ٹی آئی کی کوئی بات ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا خیال ہے بانی پی ٹی آئی کو 190 ملین پائونڈ کیس میں سزا ہو سکتی ہے، ان کی رہائی میں جتنی تاخیر ہوگی اتنا ہی ملکی معیشت بہتر ہوگی، وہ ابھی بھی جیل میں بیٹھ کر وہی کر رہے ہیں جو باہر کرنا چاہتے ہیں