محکمہ موسمیات پاکستان نے عیدالاضحیٰ کے دوران موسم سے متعلق پیشگوئی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد ملک میں دوبارہ گرمی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کے مطابق لاہور میں آئندہ دو روز تک موسم نسبتاً بہتر رہے گا، تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں بھی آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں فی الحال مئی کے آغاز جیسی شدید گرمی نہیں، تاہم درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان برقرار ہے اور اگلے دو دن موسم نسبتاً بہتر رہے گا۔عیدالاضحیٰ کے حوالے سے عرفان ورک نے کہا کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد گرمی میں بتدریج اضافہ ہوگا، جبکہ عید سے قبل ایک اور بارش برسانے والا سسٹم آنے کا امکان بھی موجود ہے، تاہم اس بارے میں ابھی حتمی پیشگوئی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے النینو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں النینو فعال ہو جائے تو جنوبی ایشیا میں مون سون بارشیں نسبتاً کم ہو سکتی ہیں، جس کے اثرات پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔