ہمارے ساتھ بیٹھی خاتون اسلام آباد میں خودکش حملے کے مشن پر تھیں، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا انکشاف

ہمارے ساتھ بیٹھی خاتون اسلام آباد میں خودکش حملے کے مشن پر تھیں، وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا انکشاف

میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک خاتون، جو ان کے ساتھ موجود تھیں، خودکش حملے کے مشن پر تھیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گرد تنظیمیں خواتین کو بہلا پھسلا کر یا دباؤ ڈال کر خودکش حملوں کے لیے استعمال کرتی ہیں، اور مذکورہ خاتون کو اسلام آباد میں حملے کا ہدف دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد میں ہونے والے ایک بڑے خودکش حملے کا منصوبہ ناکام بنایا، جس سے ملک ایک بڑی تباہی سے محفوظ رہا۔ میر سرفراز بگٹی نے اس کامیابی پر سیکیورٹی اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ متاثرہ بچیوں کو محفوظ ماحول اور باعزت زندگی فراہم کی جائے، اسی لیے مذکورہ خاتون کو اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گرد بیرونی عناصر کے مفادات کے لیے بلوچ بچیوں کا استحصال کر رہے ہیں، جبکہ بلوچ روایات میں ایسی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ خواتین کبھی اس طرح کے پرتشدد اور غیر انسانی اقدامات کا حصہ نہیں رہیں۔