پاکستانی اداکارہ صبا قمر ایک بار پھر اپنے منفرد خیالات اور فلسفیانہ اندازِ گفتگو کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔
ایک وائرل ویڈیو میں اداکارہ نے اپنی زندگی، خواہشات اور ادھورے پن کے احساس پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔صبا قمر نے گفتگو کے دوران کہا کہ انہیں اپنی زندگی بھارتی ہدایتکار امتیاز علی کی فلموں جیسی محسوس ہوتی ہے، جہاں ادھورے پن میں بھی ایک عجیب خوبصورتی اور کشش پائی جاتی ہے۔اداکارہ کے مطابق وہ خود کو ایک “ادھوری روح” سمجھتی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ زندگی میں کچھ چیزوں کا نامکمل رہ جانا بھی اپنی الگ معنویت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان کی تمام خواہشات پوری ہوجائیں تو خواہش کرنے کا جذبہ ختم ہوجاتا ہے، اسی لیے درد، کمی اور ادھورے پن میں بھی ایک خاص لطف اور احساس پوشیدہ ہوتا ہے۔صبا قمر کے اس گہرے اور فلسفیانہ انداز نے مداحوں کو نہ صرف متاثر کیا بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو زندگی کے مختلف پہلوؤں پر غور و فکر کرنے پر بھی مجبور کردیا۔