’ساتھی اداکار سے محبت ہو گئی تھی مگر معاملہ آگے نہیں بڑھ پایا‘، صبا قمر کا انکشاف

’ساتھی اداکار سے محبت ہو گئی تھی مگر معاملہ آگے نہیں بڑھ پایا‘، صبا قمر کا انکشاف

لندن: پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر نے اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چند سال قبل ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران انہیں اپنے ساتھی اداکار سے محبت ہوگئی تھی۔

برطانیہ میں ایک چیریٹی ایونٹ کے دوران مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر نے بتایا کہ مذکورہ اداکار ان کے کسی ڈرامے کا ساتھی اداکار نہیں تھا بلکہ تقریباً چار سال قبل بننے والی ایک فلم میں ان کے ساتھ کام کرچکا ہے۔صبا قمر نے ساتھی اداکار کا نام بتانے سے گریز کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اب وہ اداکار شادی شدہ ہے، اس لیے اس کا نام ظاہر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ اداکارہ کے مطابق اگر وہ نام بتا دیں تو ممکن ہے اس کی اہلیہ کے لیے کوئی مسئلہ پیدا ہوجائے۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے جذبات کسی منصوبہ بندی کے تحت پیدا نہیں ہوئے بلکہ یہ سب اچانک ہوا۔ انہوں نے اس حوالے سے اپنی بھانجی سے بھی بات کی اور اسے بتایا کہ انہیں اپنے ساتھی اداکار کے لیے جذبات محسوس ہونے لگے ہیں۔صبا قمر کے مطابق ان کی بھانجی نے انہیں سمجھایا کہ دونوں ایک ساتھ فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے اور شوٹنگ بھی جنگل جیسے ماحول میں ہوئی تھی، اس لیے ممکن ہے کہ مسلسل ساتھ رہنے اور مخصوص ماحول کے باعث ایسے جذبات پیدا ہوئے ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی بھانجی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس معاملے کو بھول جائیں اور اپنی زندگی میں آگے بڑھیں۔ صبا قمر کے مطابق انہوں نے اپنی بھانجی کے مشورے کو قبول کیا اور اس معاملے کو وہیں ختم کردیا۔صبا قمر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں میں تجسس پیدا ہوگیا ہے اور صارفین مختلف اداکاروں کے ناموں کے حوالے سے قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ تاہم صبا قمر نے خود اپنے سابق ساتھی اداکار کی شناخت ظاہر نہیں کی، اس لیے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے نام محض قیاس آرائیاں ہیں۔اداکارہ کا یہ انکشاف مداحوں کے لیے اس لیے بھی دلچسپی کا باعث بنا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ اپنی زندگی کے اس پہلو کے بارے میں کھل کر بات کی، تاہم انہوں نے متعلقہ شخص کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہوئے اس کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا۔