وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر پورٹ پر عالمی ٹرانزٹ ٹریفک کو بڑھانے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25 فیصد کمی کی گئی ہے اور انٹرنیشنل ٹرانز شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز کو 31 فیصد تک کم کیا گیا ہے۔جنید انوار چوہدری نے جنرل کارگو کے لیے ایک ماہ کی مفت اسٹوریج سہولت بھی متعارف کروائی ہے، تاکہ کارگو کی ہینڈلنگ آسان اور معیاری بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات شپنگ لائنز کو آپریشنل اخراجات میں کمی فراہم کریں گے اور دیگر قومی بندرگاہوں کے مقابلے میں گوادر کو ایک ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گوادر کو علاقائی لاجسٹکس مرکز بنانے کی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں تیز ہونے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ٹیرف اسٹرکچر سے شپنگ لائنز کے آپریشنز میں بہتری آئے گی اور گوادر بندرگاہ پر کارگو ہینڈلنگ میں اضافہ ہوگا۔
چیئرمین گوادر پورٹ، نورالحق بلوچ، نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع میں اضافہ متوقع ہے اور نئے ٹیرف کے ذریعے تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات علاقائی تجارت کو مضبوط بنانے اور گوادر کو اقتصادی مرکز بنانے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔