وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ییلو لائن اور فیصل آباد ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
انہوں نے گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کی تکمیل کے لیے مارچ 2027 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں دونوں ماس ٹرانزٹ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبوں کا ڈرون فوٹیج کے ذریعے معائنہ بھی کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ ییلو لائن منصوبے کے تحت 12 انڈر پاسز، 35 کلومیٹر سروس لائن اور سگنل فری یوٹرنز کی تعمیر کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے کام کی رفتار تیز کرنے اور تین شفٹوں میں کام کروانے کے لیے اہم اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں شہریوں کو درپیش مشکلات کا بخوبی علم ہے، لیکن ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے تاکہ شہریوں کو مزید تکلیف سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی ٹائم لائن کسی صورت میں نہیں جانی چاہیے اور کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔